چنڈی گڑھ 26/اکتوبر (ایس او نیوز/ایجنسی) ہریانہ میں جن نایک جنتاپارٹی (جے جے پی) کی حمایت ملتے ہی بی جے پی نے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کردیا جس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ منوہر لال کھٹر کا پھر ایک بار وزیراعلیٰ بننا طے پاگیا۔
زرائع سے ملی اطلاع کے مطابق وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر نے گورنر ستیہ دیو نارائن آرہی سے ملاقات کرکے ریاست میں اگلی حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کر دیا ہے۔ اس موقع پر جے جے پی لیڈر دشینت چوٹالہ بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ انھوں نے گورنر کو وہ خط بھی پیش کیا جس میں جے جے پی کارکنان کے ذریعہ بی جے پی کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔
کھٹر نے گورنر سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت ہوئے بتایا کہ انھیں کل اتوار کو 1:15 منٹ پر گورنر نے بلایا ہے اور دوپہر 2.15 بجے چنڈی گڑھ میں واقع راج بھون میں وہ وزیر اعلیٰ کے عہدہ کا حلف لیں گے۔ اپنے بیان میں کھٹر نے یہ بھی واضح کیا کہ دشینت چوٹالہ ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ہوں گے۔
اس سے قبل چنڈی گڑھ میں بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں عام اتفاق سے منوہر لال کھٹر کو لیڈر منتخب کر لیا گیا۔ میٹنگ صبح تقریباً سوا گیارہ بجے شروع ہوئی۔ اس میٹنگ میں ہریانہ بی جے پی کے صدر سبھاش برالا، پارٹی کے ریاستی انچارج انل جین سمیت سبھی نئے نومنتخب اراکین اسمبلی موجود تھے۔ مرکزی وزیر روی شنکر پرساد بھی میٹنگ میں شریک ہوئے۔ بعد ازاں منوہر لال کھٹر گورنر ستیہ دیو نارائن آریہ سے ملاقات کرنے کے لیے اپنے خاص لیڈروں اور دشینت چوٹالہ کے ساتھ راج بھون پہنچے۔ وہاں انھوں نے باضابطہ حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا۔